اسلام ٹائمز۔ سی ٹی ڈی پولیس سرگودھا ریجن نے شہری سید ممتاز علی شاہ ولد سید فیض محمد سکنہ چک نمبر 86 ٹی ڈی اے تحصیل کروڑ عیسن ضلع لیہ کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ سی ٹی ڈی کے اہلکار حبیب الرحمان کی درخواست پر درج کیا گیا۔ مقدمہ میں الزام عائد کیا گیا کہ مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سید ممتاز کو حراست میں لیا گیا تو اس سے کتاب چودہ ستارے برآمد ہوئی جبکہ کالعدم تحریک جعفریہ کی نشرو اشاعت اور دیگر تشہری مواد بھی اس سے قبضے سے برآمد ہوا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم مذہبی منافرت پھیلانے کی نیت سے مذکورہ اشیاء لے کر جا رہا تھا۔ اس حوالے سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سبطین سبزواری واری نے مذکورہ واقعہ کی پرزور مذمت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بتایا جائے تشہیری پمفلٹس اور کتاب چودہ ستارے سے کون سی مذہبی منافرت پھیلتی ہے؟ کسی بے گناہ شہری کیخلاف اپنی من مرضی اور شرپسند سرکاری ملازم کی ہدایت پر مقدمہ درج کرلینا غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کتاب کا حوالہ دیا گیا ہے، وہ اہلبیت اطہارؑ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتی ہے۔ اس کتاب کو پابندی لگی کہنا اہلبیتؑ کے بغض اور دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گرفتار شہری ممتاز شاہ ولد سید فیض محمد کو فی الفور رہا کیا جائے اور اس کیخلاف درج مقدمے کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔