اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار 51 کارکنوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پولیس نے جلسے کیلئے اسلام آباد جاتے ہوئے تمام افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار افراد کیخلاف کوئی مقدمہ ہے اور نہ ہی کارکنان پولیس کو کسی مقدمہ میں مطلوب ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے تمام کارکنان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل فرخ لودھی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ گرفتار تمام 51 کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے بیان کے بعد عدالت عالیہ نے درخواست نمٹا دی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو وفاقی دارالحکومت میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔