0
Friday 23 Aug 2024 14:36

وزیر اعظم کا گلگت اور سکردو ایئرپورٹس کی توسیع کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کا حکم

وزیر اعظم کا گلگت اور سکردو ایئرپورٹس کی توسیع کیلئے جامع پلان مرتب کرنے کا حکم
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے گلگت اور سکردو ایئرپورٹس کی توسیع کیلئے جامع منصوبہ مرتب کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا ہے کہ سکردو ایئرپورٹ کی توسیع کے لیے جلد فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو جائے گا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت شعبہ ہوا بازی کی اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حکم دیا کہ سکردو انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور گلگت ایئر پورٹ کی توسیع کے حوالے سے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔شہباز شریف نے متعلقہ افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ ملکی ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی پروازوں کے وقت مسافروں کو لمبے انتظار سے بچانے کے لیے دن کے اوقات میں زیادہ کاﺅنٹرز آپریٹ کیے جائیں۔
 
انہوں نے کہا کہ ہوابازی شعبے کا اس برس کا سیفٹی آڈٹ جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایوی ایشن ایکٹ کے تحت تمام پالیسی اقدامات و اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا اصلاحات کی بدولت پاکستان کا شعبہ ہوا بازی درست سمت کی طرف گامزن ہے، آٹومیٹڈ بارڈر کنٹرول سسٹم کے تحت خود کار امیگریشن گیٹس کی تنصیب سے مسافروں کو مزید سہولت ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے ہوائی اڈوں پر مسافروں، سیاحوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لے سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے اور سیاحت کے فروغ کے لیے سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں۔
 
اجلاس کو شعبہ ہوا بازی کی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ وزیرِ اعظم کی زیر قیادت گزشتہ دور حکومت میں ایوی ایشن ایکٹ 2023ء منظور ہوا اور ایوی ایشن ایکٹ کے تحت شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کا نفاذ جاری ہے۔ بریفنگ کے دوران یہ بھی بتایا گیا کہ ایکٹ کے تحت ایئرپورٹ مینجمنٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن کو علیحدہ کرکے آپریٹر اور ریگولیٹر کے فرائض کی احسن طریقے سے انجام دہی یقینی بنائی جا رہی ہے اور تمام تر نئے منصوبوں و اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلی ڈیشن یقینی بنائی جا رہی ہے۔
 
اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ لاہور ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے کاﺅنٹرز کی تعداد میں اضافہ اور انتظار گاہ میں توسیع کی گئی ہے۔ بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ اسکردو ایئرپورٹ کی توسیع کے لیے جلد فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو جائے گا جبکہ ہوائی اڈوں پر آٹومیٹڈ بارڈر کنٹرول کی تنصیب کے لیے اظہارِ دلچسپی بھی موصول ہو چکے ہیں۔ اجلاس کو ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کی سہولیات میں بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات اور پاکستان میں سیاحتی کے لیے ہوائی اڈوں پر نجی کمپنیوں کی پروازوں کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔ 
 
وزیرِ اعظم نے ان اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، اعظم نذیر تارڑ، عبد العلیم خان، احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1155713
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش