اسلام ٹائمز۔ لبنان کی اسلامی مزاحمتی جماعت حزب اللہ نے آج (جمعہ) صبح شمالی مقبوضہ فلسطین کے "مرون" ہوائی اڈے پر میزائل حملے کے نتیجے میں جاسوسی کے آلات کے تباہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق حزب اللہ نے اعلان کیا کہ یہ حملہ فلسطینی عوام اور مزاحمتی فورسز کی حمایت میں اور جنوبی لبنان کے دیہاتوں پر حالیہ صیہونی حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔ لبنانی اسلامی مزاحمت نے مزید بتایا کہ اس کارروائی میں مرون کے ہوائی اڈے کی فضائی نگرانی یونٹ اور ہوائی آپریشنز کے انتظامی آلات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
حزب اللہ نے اس حملے میں استعمال ہونے والے ہتھیار کی نوعیت کی تفصیل نہیں دی، لیکن صرف اتنا کہا کہ "مناسب ہتھیاروں" کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے آج صبح شمالی مقبوضہ فلسطین کے مرون ہوائی اڈے پر میزائل لگنے کے مناظر کی تصاویر جاری کیں۔ ایک صیہونی سیکیورٹی ذرائع نے اسرائیلی فوجی ریڈیو کو بتایا کہ آج صبح اس ہوائی اڈے پر کئی میزائل داغے گئے ہیں۔ اسرائیلی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حزب اللہ نے اس حملے میں اینٹی ٹینک میزائل استعمال کیے ہیں۔