اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے ایجوکیشن ریفارمز سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کے نہم اور دہم کے امتحانات میں غیر تسلی بخش نتائج کے ذمہ دار اساتذہ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ طالب علموں کے مستقبل کو خراب ہونے نہیں دیں گے۔ محدود وسائل کے باوجود ترقیاتی بجٹ میں دیگر شعبوں سے زیادہ وسائل تعلیم کے شعبے کے لئے مختص کئے جاتے ہیں۔ صوبائی سیکرٹری تعلیم بنیادی نظام تعلیم کی بہتری کو یقینی بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں اور قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ذریعے اساتذہ کی ٹریننگ کے لئے معاہدے کو جلد حتمی شکل دیں۔ وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ کسی قسم کے دباﺅ کے بغیر اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی اور نااہلی برتنے والے اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کو یقینی بنائیں۔