اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ا یف) سے 7 ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی شرائط پورے کرنے کے حوالے سے ایکسٹرنل فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل ذرائع تلاش کرنا شروع کردیے ہیں۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےایکسٹرنل فنانسنگ ضروریات کے حوالے سے دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) سے آن لائن ملاقات کی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان خلیجی ملکوں کے بینکوں سے چار ارب ڈالرز کے کمرشل قرضے حاصل کرنا چاہتا ہے، اس سلسلے میں محمد اورنگزیب کی دبئی اسلامک بینک سمیت مشرق وسطی کے بینکوں سے پاکستان میں 4ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر بات چیت جاری ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو رواں مالی سال 26.4 ارب ڈالرز واپس کرنے ہیں۔