اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی والوں سے ایک بہتر اور ترقی کرتے ہوئے شہر کا جو وعدہ کیا تھا اس وعدے کے ثمرات شہریوں کو بار بار نظر آرہے ہیں، کوشش ہے کہ شہر کے ہرعلاقے میں کام ہو اور لوگوں کو اس سے فائدہ پہنچے۔ یہ بات انہوں نے سفاری پارک میں ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے ہمراہ سفاری پارک میں جمبو جمپ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، سفاری پارک میں شہریوں کو جدید ترین جمبو جمپ تفریحی سہولت مارکیٹ سے انتہائی سستے داموں فراہم کردی ہے، کراچی سے لوگ باہر جا کر سرمایہ لگاتے ہیں میں ان سے کہوں گا کہ وہ اپنے شہر میں ایسے مفید پروجیکٹس پر سرمایہ لگائیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہی ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کا راستہ ہے، شہر میں تعمیر و ترقی کا سفر بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔