اسلام ٹائمز۔ سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کا بیان حسد کی بنیاد پر مبنی ہے۔ چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ خالد مقبول صدیقی کا بیان حقیقت کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کراچی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ تین بڑے اسپتال ہیں، ان اسپتالوں کو باقاعدگی سے فنڈ فراہم کیا جاتا ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران جے پی ایم سی کو 10 کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز دیئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت ان اسپتالوں کی بہتری کےلیے اب تک 157 ارب سے زائد فنڈ جاری کرچکی۔ واضح رہے کہ اپنے بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کی نمائندگی عوام نہیں، خاندان کر رہے ہیں، پاکستان دنیا کا آخری ملک ہے جہاں جاگیردارانہ نظام موجود ہے۔