اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے اسلام آباد میں چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد سے تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کے غریب اور نادار افراد کے لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی مالی امداد و دیگر منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہید بینظیر بھٹو، صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے غریب اور پسماندہ علاقوں کے عوام کے لئے ایک عظیم تحفہ قرار دیا۔
ملاقات میں روبینہ خالد کے گلگت بلتستان کے دورے کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینیٹر روبینہ خالد کا گلگت بلتستان آمد پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد ستمبر میں گلگت بلتستان کا دورہ کرینگی، دورے کے دوران وہ پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے علاوہ غریب اور مستحق افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل دریافت کرینگی۔