0
Sunday 25 Aug 2024 17:06

میرواعظ کشمیر عمر فاروق کا سرینگر میں منعقدہ دس روزہ ’کتاب میلے‘ کا دورہ

میرواعظ کشمیر عمر فاروق کا سرینگر میں منعقدہ دس روزہ ’کتاب میلے‘ کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے ’ایس کے آئی سی سی‘ سرینگر میں جاری قومی سطح کے کتاب میلے کا دورہ کیا اور وہاں کتابوں کے الگ الگ اسٹالز کا معائنہ کر کے کئی اہم مذہبی، تاریخی اور صوفی بزرگوں پر مبنی کتابیں بھی خریدیں۔ میرواعظ کشمیر نے پانچویں صدی میں لکھی گئی ’’تفسیر بغوی‘‘ جسے ’’معالم التنزیل‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کو خریدا۔ تفسیر بغوی قرآن پاک کی قدیم تفاسیر میں سے ایک مانی جاتی ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے صوفی بزرگ شیخ محی الدین ابن عربی المعروف ’شیخ اکبر‘ کی تصانیف کے علاوہ کئی دیگر اسلامی کتابیں بھی حاصل کیں۔ وہیں کشمیر کی تاریخ سے متعلق بھی کئی کتابیں خریدنے میں میرواعظ کشمیر نے دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

میرواعظ مولوی محمد عمر فاروق کتابوں کے مختلف اسٹالز پر گئے اور ان اسٹالز پر رکھی گئی کتابوں سے متعلق اسٹال مالکان سے جانکاری حاصل کی۔ اس طرح انہوں نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے اسٹال کے علاوہ کئی دیگر قومی اور مقامی سطح کے پببلشرز کے اسٹال مالکان سے بھی بات چیت کی۔ واضح رہے کہ ’’چنار بک فیسٹیول‘‘ کے نام سے قومی سطح کا یہ کتاب میلہ نیشنل بک ٹرسٹ، وزارت تعلیم حکومت ہند اور ضلع انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے سرینگر کے ’ایس کے آئی سی سی‘ میں منعقد کیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا ایسا بڑا کتاب میلہ ہے جس میں تقریبا 3 سو سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں۔ جن میں انگریزی، اردو، فارسی، کشمیری، ہندی، ڈوگری اور دیگر زبانوں کی کتابیں رکھی گئی ہیں۔ وہیں اس میں ملک کے نامی گرامی پبلشیرز حصہ لے رہے ہیں۔ اس نمائش میں نہ صرف اسلامی، تاریخی، نصابی اور دیگر نوعیت کی کتابیں دستیاب رکھی گئی ہیں بلکہ فن ادب اور ثقافت سے متعلق بھی کتابوں کا ذخیرہ رکھا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1156082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش