اسلام ٹائمز۔ یونان کی وزارت دفاع نے ہفتہ کے روز ایک بار پھر ترکیہ پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ یہ واقعہ بحیرہ ایجہ کے اوپر پیش آیا۔ فارس نیوز کے مطابق یونانی میڈیا نے ہفتہ کے روز دعویٰ کیا کہ ترکیہ نے یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ "گریک سٹی ٹائمز" نامی اخبار نے ہفتہ کو لکھا کہ گزشتہ بدھ کو ترکی کا ایک بحری گشتی طیارہ "ای آر ٹی" اور ایک ہیلی کاپٹر نے یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
یونان کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ طیارہ اور ہیلی کاپٹر بغیر پرواز کے منصوبے کے یونان کے فضائی معلومات کے علاقے میں داخل ہوئے، جو کہ بین الاقوامی ہوابازی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ یونان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ان پروازوں میں تین تشویشناک خلاف ورزیاں کی گئیں۔ یونانی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ترکی کے ڈرونز نے بھی بغیر اجازت پروازیں کی ہیں۔ ترکیہ نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ترکیہ اور یونان نے حال ہی میں اعتماد سازی کے اقدامات کیے ہیں۔ جنوری کے اوائل میں، دونوں ممالک نے واشنگٹن کے ساتھ جنگی طیارے خریدنے کے معاہدے کیے، جس سے علاقے میں نئے تنازعات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ ترکیہ نے یونان کو بارہا ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل ہونے کے خلاف خبردار کیا ہے۔