اسلام ٹائمز۔ لبنانی اسلامی مزاحمتی تحریک نے خبر دی ہے کہ اس نے اسرائیلی فوج کے 3 فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں مغربی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی شامل ہے۔ فارس نیوز کے مطابق لبنان کی حزب اللہ تحریک نے آج شام (ہفتہ) 3 بیانات جاری کیے اور کہا کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح 10:15 بجے مناسب ہتھیاروں کے ساتھ اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ کو شمالی مقبوضہ فلسطین میں "مسکاوعام" فوجی ٹھکانے کے ارد گرد نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی اسلامی مزاحمت نے ایک اور بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے دیہاتوں پر صیہونی ریاست کے حملوں کے جواب میں اور فلسطینی عوام اور مزاحمتی فورسز کی حمایت میں، خودکش ڈرون کے اسکواڈرن کے ساتھ صیہونی ریاست کی فوج کے مغربی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو "یعرا" نامی بستی کے جنوب میں نشانہ بنایا ہے۔ حزب اللہ نے مزید کہا کہ اس آپریشن میں اسرائیلی فوجیوں کے ٹھکانے کو بڑی طاقت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
حزب اللہ نے یہ بھی اطلاع دی کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 14:10 بجے مزاحمتی فورسز نے "یارون" فوجی ٹھکانے کے ارد گرد اسرائیلی فوجیوں کے ٹھکانے کو توپخانہ سے نشانہ بنایا ہے۔ لبنانی اسلامی مزاحمت نے گزشتہ روز بھی "مرون" پہاڑ پر اسرائیلی فوج کے ہوائی اڈے کو کئی بھاری میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔ حزب اللہ نے گزشتہ 10 مہینوں کے دوران اسرائیلی فوج کے 2,500 سے زائد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنانی اسلامی مزاحمت نے تاکید کی ہے کہ جب تک صیہونی ریاست کے حملے غزہ کی پٹی پر جاری رہیں گے، یہ آپریشنز بھی اس وقت تک جاری رہیں گے۔