اسلام ٹائمز۔ تازہ ترین علاقائی صورت حال کے پیش نظر لبنان کے نگران وزیراعظم "نجیب میقاتی" نے اپنے گھر پر حکومتی وزراء کا ایک اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں نجیب میقاتی نے اعلان کیا کہ ہم کشیدگی کو روکنے کے لئے لبنان کے دوستوں اور بین الاقوامی فریقین سے بات چیت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب سے پہلے اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور پھر اس کے بعد سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس دوران نجیب میقاتی نے یقین دلایا کہ ہماری حکومت غزہ میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے قیام کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے حفاظتی امن دستے یونیفل اور
UN کے خصوصی رابطہ دفتر نے اپنے مشترکہ اعلان میں کہا کہ آج صبح سے
BLUE LINE پر کشیدہ صورت حال کے پیش نظر
UN کا رابطہ دفتر اور یونیفل متحارب فریقین کو جنگ بندی و اشتعال انگیزی میں کمی کے لئے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتا ہے۔
اس بیان میں کہا گیا کہ کشیدگی روکنے کا واحد راستہ اقوام متحدہ کی قرار داد 1701 پر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے مذکورہ قرارداد کو علاقائی امن و استحکام کے قیام میں اہم پیشرفت قرار دیا۔ واضح رہے کہ یہ بیان اس وقت جاری ہوا جب آج صبح لبنان کی مقاومتی تحریک "حزب الله" نے ایک جاری بیان کے ذریعے بتایا کہ ہمارے کمانڈر "فواد شکر" کی ٹارگٹ کلنگ کے جوابی ردعمل کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اس مرحلے میں حزب الله نے 11 اسرائیلی عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ اس مقاومتی تحریک کے آگاہ ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل ہمارے خودکش ڈرونز کو روکنے میں ناکام رہا اور ہم صیہونی فوج کو دھوکہ دینے کے لئے متعدد میزائل داغنے میں کامیاب رہے۔ حزب الله کے سیکرٹری جنرل "سید حسن نصر الله" اس کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لئے بیروت کے مقامی وقت 18:00 بجے خطاب بھی کریں گے۔