اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے تحت مہنگی بجلی، بجلی کے بھاری بلوں، تنخواہ دار طبقے و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے کراچی کی تاجر تنظیموں اور دوکانداروں نے مکمل حمایت اور مارکیٹیں بند کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ 28 اگست کو مہنگی بجلی، تنخواہ دار طبقے پر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہڑتال ہر صورت ہوگی، تاجر اور عوام ایک پیچ پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں ناجائز ٹیکسز، ظالمانہ سلیب سسٹم، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن معاہدے ختم کیے جائیں، آئی ایم ایف کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے اور تاجروں پر لگائے گئے ٹیکس ختم کیے جائیں، بچوں کے دودھ اور اسٹیشنری پر سے ٹیکس ختم کیا جائے، جاگیرداروں اور طبقہ اشرافیاں پر ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ، کراچی میں لوڈشیڈنگ ختم کرکے عوام کو سستی بجلی دی جائے، کراچی کو اس کا پورا پانی دیا جائے اور کے فور منصوبہ مکمل کیا جائے۔