اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ اور جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا اربعین کی مناسبت سے اپنی گفتگو میں کہنا تھا کہ امام حسینؑ کی منطق حق کے دفاع اور ظلم، بغاوت، گمراہی اور استکبار کے مقابلے میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے کی منطق ہے۔ کربلا قبلہ شعور ہے اور اربعین کی عظیم تحریک اسی پیغام کو دنیا بھر میں پھیلاتی ہے جو اللہ کی طاقت سے روز بہ روز مضبوط تر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا کفر، استکبار، فساد اور ظلم کی حاکمیت کا مشاہده کر رہی ہے اور یہ بات مسلم ہے کہ سید الشہداء کے راستے پر چلے بغیر مسلمان عزت کا دن نہیں دیکھ سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ وارانہ عناصر کا راستہ روکنا قومی و شرعی تقاضا ہے، پاکستان میں جاری فرقہ واریت شیعہ اور سنی کی نہیں بلکہ یہ حسینت اور یزیدیت کے درمیان معرکہ ہے اور حسینی لشکر میں شیعہ تنہا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یزیدیت ہر دور میں ایک سزا اور گالی ہے اور جو بھی اس سے منسلک ہو گا وہ ذلیل و رسوا ہی ہوگا۔