اسلام ٹائمز۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی بندش کے خلاف ملازمین کے ممکنہ احتجاج کے پیشِ نظر اسلام آباد انتظامیہ نے کنٹینرز رکھ کر ڈی چوک سیل کر دیا۔یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ملازمین نے سٹورز کی ممکنہ بندش کے خلاف آج احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سکریٹری وزارت صنعت و پیداوار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت ملک میں تمام یوٹیلٹی سٹورز کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے۔ تاہم سنیچر کے روز وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا تھا کہ حکومت کارپوریشن کی تنظیم نو کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر میں 4,000 سے زیادہ سٹورز چلا رہی ہے جن کا مقصد عوام کو کم نرخوں پر بنیادی اشیاء فراہم کرتا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن ان وزارتوں اور محکموں کی فہرست میں شامل ہے جن کی حکومت نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے۔یاد رہے کہ رواں سال جون میں قومی اسمبلی کے دوران میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ حکومت 24 ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا ارادہ رکھتی ہے جن میں قومی ایئر لائن پی آئی اے، روزویلٹ ہوٹل، فرسٹ وومن بینک، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور دیگر شامل ہیں۔