اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے اور نیشنل کانفرنس، کانگریس الائنس، بی جے پی سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے ابھی تک امیدواروں کی حتمی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے۔ کانگریس کے لیڈر سلمان خورشید آج شام نیشنل کانفرنس کے ساتھ ایک اہم ملاقات کر رہے ہیں تاکہ سیٹوں کی تقسیم کا معاہدہ طے کیا جا سکے۔ پارٹی ذرائع نے انکشاف کیا کہ کانگریس کے سینیئر لیڈر سلمان خورشید اور کے سی وینوگوپال سمیت مقامی رہنما ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، ناصر اسلم وانی اور شمی اوبرائے کے ساتھ سرینگر میں فاروق عبداللہ کی گپکار رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔ یہ مذاکرات آنے والے انتخابات سے پہلے سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کو مضبوط کرنے کے لئے ہو رہے ہیں۔
یہ ملاقات ایک اہم وقت پر ہو رہی ہے، کیونکہ منگل کو پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ ایک سینیئر لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں پارٹیاں حریف سیاسی قوتوں کے خلاف اپنی مشترکہ کوششوں کو مضبوط بنانے کے لئے اتفاق رائے تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ کلیدی حلقوں پر اختلافات بدستور برقرار ہیں اور فریقین پر دباؤ ہے کہ وقت ختم ہونے سے پہلے ایک قابل عمل فارمولا طے کریں۔ نیشنل کانفرنس کے لیڈر ناصر اسلم نے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیئر کانگریس کے لیڈر ہماری قیادت سے ملاقات کے لئے آ رہے ہیں۔، جو بھی ہونا ہے وہ آج شام تک واضح ہو جائے گا۔