اسلام ٹائمز۔ بن گوریون بین الاقوامی ائیرپورت، جو کہ مقبوضہ فلسطین میں واقع ہے، اتوار کے روز تل ابیب چھوڑنے والے مسافروں سے بھرا ہوا تھا۔ فارس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے حملوں کے بعد ہزاروں مقامی مسافر ہوائی اڈے پر سرگرداں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کے حملوں کے بعد کچھ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ تاہم کچھ پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ اس ہوائی اڈے کی سرگرمیاں آج صبح سویرے سے معطل تھیں، کیونکہ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل پر حملوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
حملوں کے دوران تمام پروازیں روک دی گئیں اور مقبوضہ علاقوں کی فضائیں خالی ہو گئیں۔ حزب اللہ کی کارروائی کے بعد، صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے خبر دی کہ اس ہوائی اڈے کی پروازیں کچھ گھنٹوں کے لیے دیگر ہوائی اڈوں پر منتقل کی گئی ہیں۔ 20 سے زائد بین الاقوامی ایئر لائنز، بشمول لوفتھانزا اور ایئر فرانس، نے حالیہ ہفتوں میں ایران اور حزب اللہ کے دباؤ پر، صیہونی حکومت کی حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے جواب میں، مقبوضہ فلسطین کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں۔ شمالی مقبوضہ علاقوں کے بندرگاہی شہر حیفا کے تمام ساحل بھی حزب اللہ کے حملوں کے خوف سے بند کر دیے گئے ہیں۔