اسلام ٹائمز۔ فلسطینی جہاد اسلامی تحریک نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج کے حملے میں انکے تین مجاہدین شہید ہو گئے ہیں۔ فارس نیوز کے مطابق جہاد اسلامی نے آج صبح (پیر) ایک بیان میں کہا کہ "عدی نذار نمر ابو ناعسه"، "مصعب حسان علی مقصقص" اور "یزن مسلمانی" جو جنین اور طوباس کے بریگیڈز اراکین تھے، اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں میں شہید ہو گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عدی نذار اور مصعب حسان جنین بریگیڈ کے مجاہدین تھے اور شمالی مغربی کنارے میں "سفلیت" کے قریب اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ اس بیان کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے گزشتہ رات ان دونوں مزاحمتی مجاہدین کی گاڑی پر فائرنگ کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یزن مسلمانی، جو طوباس بریگیڈ کے رکن تھے بم بنانے کے دوران اسرائیلی فوج کی گولی کا نشانہ بنے۔ جہاد اسلامی نے اس بیان کے آخر میں کہا کہ صہیونیوں کے مسلسل جرائم ہمارے عزم کو مزید بڑھا دیں گے اور ہم اپنے وطن اور مقدسات کی حفاظت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔