اسلام ٹائمز۔ حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے 981 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں۔ خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملکی سلامتی و استحکام، فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز مزار شریف پر رسم چادر پوشی کی ادائیگی سے ہوا، جس کے بعد قومی محافل قرات، نعت جبکہ محفل سماع سمیت روحانی اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا۔ تقریبات کے آخری روز جامع مسجد داتا دربار میں ختم شریف کی محفل ہوئی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ، سینئرلیگی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، ایڈمنسٹریٹر شاہد ورک، ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار نعمان سیفی، مینجر شیخ جمیل اور طاہر مقصود سمیت لاکھوں عقیدت مند شریک ہوئے۔
محفل میلاد اور محفل سماع کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں معروف نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت اور قوالوں نے عارفانہ کلام پیش کیا۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی داتا دربار پر حاضری دی، ملکی سلامتی اور امن و امان کیلئے خصوصی دعا کی۔ جامع مسجد داتا دربار میں ختم شریف کی محفل کے بعد خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملکی سلامتی، استحکام کیساتھ ساتھ فلسطین اور غزہ کے مسلمانوں کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔ تین روزہ عرس کی تقریبات کے دوران لنگر تقسیم کیا گیا۔ دودھ کی سبیل پر عقیدتمندوں کی خوب تواضع کی گئی۔ تقریبات میں پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔