0
Tuesday 27 Aug 2024 11:40

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کو لیکر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا 85 سیٹوں پر اتحاد

جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کو لیکر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا 85 سیٹوں پر اتحاد
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پیش نظر نیشنل کانفرنس (این سی) اور کانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ دونوں جماعتوں نے اتحاد کے تحت جموں کشمیر کی کل 90 اسمبلی نشستوں پر 85 سیٹوں پر مشترکہ امیدوار میدان میں اتارنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ تاہم 5 سیٹوں پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے امیدوار ایک دوسرے کے خلاف انتخابات لڑیں گے۔ دونوں جماعتوں کے سینیئر لیڈروں کے درمیان کئی دنوں سے جاری بات چیت کے بعد یہ معاہدہ طے پایا ہے۔ اتحاد کی یہ کوشش جموں و کشمیر میں انتخابی ماحول کو مضبوط بنانے اور حریف سیاسی جماعتوں خاص کر بی جے پی کے خلاف ایک مؤثر حکمت عملی کے تحت کی گئی ہے۔ ذرائع کے حوالہ سے معلوم ہوا ہے کہ 85 سیٹوں میں سے کانگریس کے حصہ میں 32 جبکہ نیشنل کانفرنس 51 سیٹوں پر اپنے اپنے امیدوار میدان میں اتاریں گے جبکہ الائنس کے پارٹنرز ہرش دیو سنگھ (پینتھرس پارٹی) اور سی پی آئی (ایم) لیڈر محمد یوسف تاریگامی کو ایک ایک سیٹ دی گئی ہے۔

پانچ سیٹوں پر این سی اور کانگریس کے مابین اتفاق نہ ہو سکا اور دونوں ایک جماعتیں ایک دوسرے کے مدمقابل امیدوار میدان میں اتاریں گی۔ قبل ازیں کانگریس کے سینیئر لیڈر سلمان خورشید پیر کو کشمیر کے ہنگامی دورے پر آئے تھے اور انہوں نے کانگریس لیڈروں کے ساتھ مشاورت کے بعد نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ گپکار سرینگر میں واقع ان کی رہائشگاہ پر نیشنل کانفرنس لیڈران کے ساتھ کئی گھنٹوں تک بات چیت کی۔ بات چیت میں کانگریس اور این سی کے اعلٰی لیڈروں نے شرکت کی اور کئی گھنٹوں کی طویل گفت و شنید کے بعد پیر کی شام انہوں نے 85 سیٹوں پر الائنس جبکہ پانچ نشستوں پر ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑنے پر اتفاق کیا۔

میٹنگ کے بعد فاروق عبداللہ کی رہائشگاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں جماعتوں کے لیڈران نے ’’انڈیا‘‘ الائنس کو کامیاب بنانے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں جماعتوں سمیت جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے نیک شگون قرار دیا۔ دونوں جماعتوں کے لیڈروں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے کشمیر کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا، انہوں نے ایک ریاست کو ختم کرکے اسے یو ٹی میں تبدیل کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے نامزدگیوں کی آخری تاریخ قریب ہے اور دونوں جماعتوں کے لیڈر اپنی مشترکہ حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔ جموں کشمیر میں انتخابات تین مراحل میں 18 اور 25 ستمبر جبکہ آخری مرحلہ کے تحت یکم اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے نامزدگی جمع کرنے کی آخری تاریخ منگل 27 اگست ہے۔
خبر کا کوڈ : 1156385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش