0
Tuesday 27 Aug 2024 09:05

کشمیر کے موجودہ حالات کیلئے بی جے پی و پی ڈی پی دونوں ذمہ دار ہیں، نیشنل کانفرنس

کشمیر کے موجودہ حالات کیلئے بی جے پی و پی ڈی پی دونوں ذمہ دار ہیں، نیشنل کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے ماضی میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو دھوکہ دیا اور اب عوام کو اسمبلی انتخابات میں صحیح اور غلط کا فیصلہ خود کرنا ہوگا، کیونکہ یہاں کے موجودہ حالات، جو دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد یہاں کے لوگوں کو جھیلنے پڑ رہے ہیں، کے لئے صرف بی جے پی ہی نہیں بلکہ پی ڈی پی بھی ذمہ دار ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے سابق ایم ایل اے اور ضلع پلوامہ کے صدر غلام محی الدین میر نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ گفتگو کے دوران کیا۔ یاد رہے کہ نیشنل کانفرنس نے غلام محی الدین کو راجپورہ اسمبلی حلقے کے لئے امیدوار نامزد کیا ہے، اس حلقے میں این سی کی جانب سے ووٹروں کو لبھانے کے لئے سرگرمیاں جاری ہیں۔ نیشنل کانفرنس کی جانب سے الیکشن مہم کے دوران نہ صرف این کے منشور کی تشہیر و تعریف کی جا رہی ہے بلکہ حزب اختلاف سیاسی جماعتوں خاص کر پی ڈی پی کی پالیسیز خاص طور پر بی جے پی کے ساتھ ان کے کولیشن کو جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کے لئے ذمہ دار ٹھہریا جا رہا ہے۔

جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے لیڈر غلام محی الدین میر نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ہمیشہ دھوکہ دیا اور اب آئندہ اسمبلی انتخابات میں لوگوں کو اپنے ووٹ سے صحیح اور غلط کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ غلام محی الدین میر نے دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس ضلع پلوامہ کی سبھی نشستوں پر بھاری اکثریت سے جیت درج کرے گی اور جموں و کشمیر میں حکومت قائم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس واحد ایک ایسی پارٹی ہے جو آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کو درپیش تمام مسائل کو حل کر سکتی ہے۔ غلام محی الدین میر نے دفعہ 370 اور 35 اے کی تنسیخ کے حوالہ سے کہا کہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرانے میں پی ڈی پی کا اہم ہاتھ تھا، کیونکہ اس جماعت نے جموں و کشمیر سے بی جی پی کو دور رکھنے کے لئے لوگوں سے ووٹ مانگے، لیکن پھر ان کے ساتھ ہی حکومت بنائی جو عوام سے ساتھ سراسر دھوکہ تھا۔
خبر کا کوڈ : 1156386
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش