اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے بھکاری مافیا کے گرد شکنجہ سخت کرلیا۔ انسداد گداگری قانون میں ترامیم منظور کرتے ہوئے بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قرار دیدیا گیا ہے۔ کسی شخص سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 3 سال قید اور ایک سے 3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے، جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید کی سزا ہوگی۔ ایک سے زائد لوگوں سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید، 3 سے 5 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے۔ بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا چیف کو 5 سے 7 سال قید اور 5 سے 7 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید ایک سال قید کی سزا ہوگی۔ جبری معذوری کرکے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید، 10 سے 20 لاکھ جرمانہ ہوگا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 2 سال قید کی سزا ہوگی، جرم دوہرانے والے کو دگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔