اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے چھپ کر حملہ کیا ہے۔ مسلح افواج اور پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کے ہمراہ کوئٹہ میں سیکیورٹی صورتحال پر منعقدہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد سمجھ رہے ہیں کہ ایسے چھپ کر وار کرنے سے ہمیں ڈرا دیں گے تو ان کو جلد پیغام مل جائے گا۔ ایسے واقعات قابل برداشت نہیں ہیں۔ منصوبہ بندی کرنے والوں کے پیچھے جائیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں نے چھپ کرحملہ کیا۔ ان کا مکمل بندوبست ہوگا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے جو فیصلہ کریں گے۔ وفاقی حکومت اس کی حمایت کرے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کو جو بھی سپورٹ چاہئے وہ دیں گے۔
بلوچستان میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلوچستان میں پائیدار قیام امن کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا مؤثر حکمت عملی پر اتفاق ہوا، اور فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ بلوچستان پولیس کو جدید آلات اور سامان فراہم کیا جائے گا۔ پولیس افسران کی کمی کو دور کرنے کے لئے نئے اے ایس پیز کو بلوچستان تعینات کیا گیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے درکار فنڈز کی اپیکس کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔ چمن میں پاسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لئے اسٹاف اور سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں اور پروپیگنڈے کے تدارک کے لئے ایف آئی اے مؤثر کارروائی کرے گی۔
اس سے قبل کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی ملاقات ہوئی۔ دونوں عہدیداروں نے بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی پرزور مذمت کی۔ دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ جنگ ہر پاکستانی کی جنگ ہے۔ بلوچستان میں امن کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ مٹھی بھر عناصر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ان کا جلد بندوبست ہوجائے گا۔