اسلام ٹائمز۔ آج عراق کی وزارت عظمیٰ کے دفتر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم "محمد شیاع السوڈانی" نے مصر کے صدر "عبدالفتاح السیسی" سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات مصر ہی کے شہر "العلمین" میں انجام پائی۔ اس دوران محمد شیاع السوڈانی نے علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کی خاطر عراق اور مصر کے درمیان تعاون و گہرے روابط کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم عراق علاقائی دوستوں اور بھائیوں کے لئے طاقت کا عنصر ہے۔ ہماری حکومت عراق عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقائی پیش رفت میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق! دوست علاقائی ممالک کے درمیان ہم آہنگی کا مرکز اور سنگم بن سکتا ہے۔ اپنی گفتگو کے ایک دوسرے حصے میں عراقی وزیراعظم نے کہا کہ غزہ پر عالمی برادری کی خاموشی صیہونی رژیم کو تمام حدیں عبور کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لئے مصر کی کوششوں کو سراہا۔
دوسری جانب اس ملاقات میں عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ مضبوط عراق علاقائی و عرب ممالک کا ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ تعاون کے حوالے سے دونوں ممالک کی رائے یکساں ہے۔ مصر کے صدر نے علاقائی ممالک کی سطح تک اقتصادی شعبے میں وسعت اور قیام امن کے لئے عراقی حکومت کے کردار کو سراہا۔ اس دوران دونوں سربراہان مملکت نے غزہ کی پٹی میں جنگ کی صورت حال کا جائزہ لیا اور ایک ایسی آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔ آخر میں عبدالفتاح السیسی و محمد شیاع السوڈانی نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی پیشرفت عراق و مصر اور دیگر دوست و برادر ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی محتاج ہے۔