اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں طوفانی بارشوں کی پیش گوئی پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کے حوالے سے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا اہم بیان آگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کل غیر متوقع بارش ہوئی ہے۔ شرجیل میمن کراچی میں 29 اگست سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات کی کئی بار پیشگوئی صحیح ثابت نہیں ہوتی، حکومت نے فی الحال اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، معمولی بارش ہوئی تو اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے، تعلیمی ادارے کھلے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلہ صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ بھر میں 27 سے 31 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے، حکومت سندھ کی جانب سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، عوام ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکام سے تعاون کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلی ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا ہے، حکومت سندھ نے صوبے کے 30 اضلاع میں انچارج مقرر کئے ہیں اور وزیراعلیٰ سندھ نے تمام وزراء، مشیران، معاونین خاص، ڈی سیز کو متحرک رہنے کی ہدایات کیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نکاسی آب کیلئے ٹاؤنز کو ضروری مشینری دی گئی ہے، کے ایم سی، واٹر بورڈ کو نکاسی آب کے سسٹم کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔