0
Tuesday 27 Aug 2024 21:37

کراچی کے ساتوں صنعتی زونز نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کردی

کراچی کے ساتوں صنعتی زونز نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کردی
اسلام ٹائمز۔ کراچی کے ساتوں صنعتی زونز کی انجمنوں نے تاجروں کی 28 اگست کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی، لانڈھی، نارتھ کراچی، ایف بی ایریا، سائٹ انڈسٹریل ایریا اور سائٹ سپرہائی وے انڈسٹریل ایسوسی ایشن کی جانب سے بدھ کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ کراچی چیمبر آف کامر کی جانب سے پہلے ہی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ صنعتی زون کے اعلان کے بعد تجارتی شعبوں کے بعد شہر کی صنعتی تنظیموں کی حمایت کے بعد 28 اگست کو کی جانے والی ہڑتال بھرپور کامیاب ہونے کے امکانات روشن ہوگئے جب کہ کراچی کی تمام تاجر تنظیمیں بھی 28 اگست کی ہڑتال کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔

ہڑتال کی کال پر بدھ کو آل کراچی تاجر اتحاد، سندھ تاجر اتحاد، آل سٹی تاجر الائنس، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز، جوڑیا بازار، ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن، جامعہ کلاتھ مارکیٹ، تھوک کپڑا مارکیٹ، لائٹ ہاوس، پیپر مارکیٹ، سائیکل مارکیٹ، آرام باغ فرنیچر مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، اولڈ سٹی ایریا کی تمام مارکیٹیں، اسٹیل مارکیٹ، اکبر روڈ موٹرسائیکل مارکیٹ، اسپئیر پارٹس مارکیٹ، صدر بوہری بازار، لیاقت آباد، حیدری سمیت تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند رہیں گی۔ ہڑتال کی حمایت کرنے والے صنعت کاروں نے کہا کہ بجلی کی ہوشربا قیمتیں اب سب کا مسئلہ بن چکی ہیں جبکہ تاجر دوست اسکیم پر تاجروں کا موقف درست ہے۔ صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیکسز، بجلی کہ قیمت میں کمی، آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی اور کراچی میں بلوں پر پی ایچ ایل چارجز ختم کیے جائیں۔

کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر جوہر قندھاری کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر تاجر برادری کے مطالبات منظور کرتے ہوئے ٹیکسز کی بھرمار کم کرے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظر ثانی کرے، بجلی کی قیمت میں کمی کی جائے اور پی ایچ ایل سمیت دیگر اضافی چارجز ختم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعت کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ موجودہ معاشی بحران میں کاروبار کرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے، پاکستان کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے کیلئے تاجر و صنعتکار برادری کے جائز مطالبات منظور کیے جائیں تو بزنس کمیونٹی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1156515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش