0
Tuesday 27 Aug 2024 22:20

شٹر ڈاؤن ہڑتال حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گی، منعم ظفر خان

شٹر ڈاؤن ہڑتال حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردے گی، منعم ظفر خان
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر عوام اور تاجر بدھ 28 اگست کو ملک بھر میں کامیاب شٹر ڈاؤن ہڑتال سے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے، مہنگی بجلی اور عوام و تاجروں پر ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف ہڑتال حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار ہوگی، جماعت اسلامی نے عوامی ریلیف کے لئے 14 روزہ دھرنے کے بعد حکومتی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے حکومت کا تعاقب جاری رکھا ہے، پیپلز پارٹی 16 سال سے مسلسل سندھ پر حکومت کررہی ہے، ہر سال تھوڑی سی بارش بھی سندھ حکومت اور کے ایم سی کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی قلعی کھول دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ قبضہ میئر نے شہر میں گٹروں پر ڈھکن رکھے اور نہ ہی نالوں کی صفائی مکمل کی، بارشوں کی حالیہ پیش گوئی اور اربن فلڈنگ سے شہری خوفزدہ ہیں، کے الیکٹرک برسوں پرانے بوسیدہ پلانٹس اور ناقص ترسیلی نظام کے ذریعے کراچی کے عوام کو ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی دے رہی ہے اور لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کا عذاب بھی ڈھا رہی ہے، کے الیکٹرک کو سالانہ 174 ارب روپے کی سبسڈی دینے کے باوجود عوام کو بلاتعطل اور سستی بجلی نہیں مل رہی، جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک سمیت شہر کے ہر مسئلے پر آواز اٹھائی ہے اور عوام کی حقیقی ترجمان بنی ہے، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کی گئی ہیں، عوام ان پارٹیوں کو انتخابات میں مسترد کرچکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1156522
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش