اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین سے ملاقات میں کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کیلیے ہماری جان بھی حاضر ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر علامہ محمد راغب نعیمی کی ملاقات ہوئی جس میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے اقدامات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر علامہ راغب نعیمی نے وزیرِ اعظم کا ختم نبوت کے معاملے میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے معاشی استحکام و ترقی کیلئے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے بلوچستان میں ہونے دہشت گردی کے واقعات کے شدید مذمت کی۔
ڈاکٹر علامہ راغب نعیمی نے وزیرِ اعظم کے دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم پر بھرپور اعتماد اور حمایت کا اظہار کیا۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ایک بار پھر اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عقیدہ ختم نبوت کےلئے ہماری جان بھی حاضر ہے۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ امت مسلمہ اپنے خلاق وکردار کو بلند کرے، پارلیمنٹ میں ختم نبوت کےلئے آواز اٹھانے پرارکان اسمبلی کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دو رکن قومی اسمبلی اور حنیف عباسی بھی موجود تھے۔