اسلام ٹائمز۔ عرب میڈیا نے بدھ کی صبح اطلاع دی کہ اسرائیل نے شمال مشرقی لبنان کے صوبہ "البقاع" میں ایک "پک اپ" گاڑی پر فضائی حملہ کیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق لبنانی میڈیا نے بدھ کی صبح شمال مشرقی لبنان میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاع دی ہے۔ کچھ مقامی ذرائع نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں اسرائیلی فوج کے ڈرون طیاروں کی جانب سے "البقاع" صوبے میں متعدد گاڑیوں پر حملے کا نتیجہ تھیں۔ البقاع میں المنار چینل کے رپورٹر نے بھی اطلاع دی کہ "رسم الحدث" بین الاقوامی شاہراہ پر قابضین کے ڈرونز نے ایک "پک اپ" گاڑی کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی فورسز نے 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کی مزاحمتی تحریک کے جانب سے شروع کی گئی "طوفان الاقصی" آپریشن کے بعد سے غزہ کی پٹی کے علاوہ جنوبی لبنان پر بھی توپ خانے اور فضائی حملے کیے ہیں۔ لبنانی اسلامی مزاحمتی تحریک، حزب اللہ، نے بھی طوفان الاقصی آپریشن کی حمایت میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔حزب اللہ نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ یہ حملے غزہ کے عوام اور فلسطینی مزاحمتی قوتوں کی حمایت میں کیے گئے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کے جاری رہنے تک جاری رہیں گے۔