اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں پیدل چلنا بھی جرم بن گیا۔ پولیس نے صوبے کے مختلف شہروں میں عزاداروں کیخلاف اس جرم میں مقدمات درج کر لئے کہ وہ پیدل امام بارگاہوں کی طرف جا رہے تھے۔ اربعین فاونڈیشن پاکستان کے رہنماوں نے عزاداروں کیخلاف اندراج مقدمہ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظمؒ کی فکر اور آئین و قانون کے مطابق اربعین واک کرنا ہمارا بنیادی حق ہے، جس سے کوئی دشمن اہلبیت ہمیں محروم نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پُرامن اربعین واک پر ہونیوالی ایف آئی آرز خصوصاً پنجاب کے شہروں میں پُرامن اور محب وطن شہریوں پر بے بنیاد اور جانبدارانہ مقدمات کو فی الفور ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر مقدمات پولیس کی مدعیت میں درج ہوئے ہیں، ہمارا سوال ہے کہ پولیس کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ پیدل چل کر امام بارگاہوں کی طرف جانیوالے پُرامن شہریوں کیخلاف مقدمات درج کرلے؟ رہنماوں نے کہا کہ ایسے شرپسند عناصر اور کالی بھیڑوں کو پولیس فورس سے فی الفور نکالا جائے، 20 صفر کو درج ہونیوالے تمام مقدمات خارج کئے جائیں اور گرفتار تمام افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گرفتار عزاداروں کو رہا نہ کیا گیا تو پولیس کے ان شرپسندوں کی معطلی تک احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔