اسلام ٹائمز۔ مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان عزاداری ونگ کے مرکزی صدر حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ چہلمِ امام حسینؑ (یومِ اربعین) تمام شیعہ و سنی عاشقانِ امام حسینؑ اور عزادارانِ سیدالشہداءؑ کے لیے عبادت، عقیدت اور محبت کا عظیم دن ہے، جس کے موقع پر ملک بھر سے لاکھوں عزادار پیدل سفر کرتے ہوئے مرکزی جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں۔ حیدرآباد پریس کلب میں اپنے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اربعین کے موقع پر مختلف شاہراہوں اور راستوں پر سبیلیں اور خدمت کے مراکز قائم کیے جاتے ہیں، جہاں بلا تفریقِ رنگ، نسل اور مذہب ہر آنے والے کو پانی اور کھانا فراہم کیا جاتا ہے، جو خدمتِ انسانیت کی بہترین مثال ہے۔
علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے عزاداری، جلوسوں میں شرکت، سبیلوں کا انعقاد اور مذہبی اجتماعات کا اہتمام آئینِ پاکستان کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے تصورِ پاکستان کے مطابق ہر شہری کو اپنے مذہب اور عقیدے کے مطابق عبادت اور مذہبی رسومات ادا کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں پیدل عزاداری، سبیل لگانے یا گھروں میں ذکرِ امام حسینؑ منعقد کرنے پر مقدمات (FIR) درج کی گئیں، جو بنیادی شہری اور آئینی حقوق کے منافی ہیں۔ انہوں نے ایسے تمام اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دیا۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یومِ اربعین کے موقع پر تمام عاشقانِ امام حسینؑ اور عزاداران کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، ان کے خلاف کسی بھی قسم کی غیر ضروری یا ظالمانہ کارروائی سے گریز کیا جائے اور عزاداری کے عمل پر کسی بھی عزادار کے خلاف مقدمات درج نہ کیے جائیں۔ پریس کانفرنس میں ایڈووکیٹ رحمان رضا عباسی، علامہ گل حسن مرتضوی، علامہ عمران دستی، سید وقار زیدی، محمد جمن سولنگی، مصطفیٰ علی حیدری اور جعفریہ الائنس کے رہنما سید شمیم نقوی بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی اربعینِ حسینی کے موقع پر عزاداروں کے آئینی، قانونی اور مذہبی حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔