0
Thursday 6 Aug 2026 16:18

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کی اپیل

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کی اپیل
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایک ویڈیو پیغام میں عوام سے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی نماز کے بعد شام 4 بجے سڑکوں پر نکلیں اور احتجاجاً اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر لیوی اور کھانے پینے کی اشیا پر بھاری ٹیکس عائد کر رکھے ہیں، جس کا بوجھ براہِ راست عام شہری پر پڑ رہا ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران 27 اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پیٹرول پر عائد ٹیکس کا بوجھ عام موٹر سائیکل سوار اور غریب عوام برداشت کر رہے ہیں، جبکہ حکمران مسلسل عوام پر مہنگائی کا دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران حکومت نے لیوی کی مد میں تقریباً 1,900 ارب روپے وصول کیے، جبکہ عام آدمی، خواہ وہ باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہ بھی ہو، مختلف بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے حکومت کو ادائیگیاں کر رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جس طرح عوام نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا تھا، اسی طرح اب بھی منظم انداز میں باہر نکلنے کی ضرورت ہے، اگر عوام نے آواز بلند نہ کی تو مزید لیوی اور ٹیکس عائد کیے جا سکتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ کی مراعات برقرار ہیں جبکہ مہنگائی اور ٹیکسوں کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 1297510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش