بھارت کے معروف مذہبی رہنما مولانا مرزا یعسوب عباس کا ایران کی کامیابی پر خصوصی انٹرویو
متعلقہ فائیلیںآل انڈیا شیعہ پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکیرٹری مولانا مرزا یعسوب عباس آج کل دو روزہ کشمیر دورے پر ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے یہاں شہید رہبر امام سید علی خامنہ ای کی یاد میں منعقدہ مختلف کانفرنسز و سیمینارز میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اسلام ٹائمز کے نمائندے نے ضلع بارہمولہ میں مدینہ پبلک اسکول کے زیر اہتمام منعقدہ "شہید ملت کانفرنس" کے حاشیے پر مولانا مرزا یعسوب عباس سے خصوصی انٹرویو کا اہتمام کیا، جس دوران انہوں نے کہا کہ اگر "اذان" نیند میں خلل ڈالتی ہے تو مندر کے "بھجن" بھی نیند میں خلل ڈالتے ہیں، اگر پابندی عائد کرنی ہے تو دونوں پر کریں۔ واضح رہے کہ اترپردیش میں بی جے پی حکومت کے وزیر جے ویر سنگھ نے اذان کی آواز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اونچی آواز سے لوگوں کی نیندیں درہم برہم ہوتی تھیں لیکن اب اس پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اذان کی آواز کسی کی نیند میں خلل ڈالتی ہے تو مندروں میں ہونے والے بھجن پر بھی اسی نقطۂ نظر سے بات کی جانی چاہیئے۔
مولانا مرزا یعسوب عباس نے کہا کہ ایک طبقے کو خوش کرنے کیلئے اترپردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ نے سڑکوں پر نماز کے حوالے سے زہر افشانی کی ہے تو ان کے کابینی وزیر نے اذان کے تعلق سے بدزبانی کی ہے۔ مولانا یعسوب عباس نے مزید ایران کی امریکہ و اسرائیل پر فتح و کامیابی اور رہبر معظم امام سید علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد کے اثرات پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے سپر پاور کا بھرم ایران نے 40 دن میں ہی خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ لکھنؤ میں رہبر کی شہادت کی خبر ملتے ہی اہل تشیع کے ساتھ ساتھ اہل تسنن کی کثیر تعداد نے سڑکوں کا رخ کیا اور امام سید علی خامنہ ای کے ساتھ خراج عقیدت پیش کیا اور ایرانی عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کیا۔ خصوصی انٹرویو پیش خدمت ہے۔