متعلقہ فائیلیںرپورٹ: اعجاز علی
اتحاد امت فورم بلوچستان کے زیر اہتمام "تکریمِ شہداء و شہیدِ امت کانفرنس" کا انعقاد کوئٹہ میں کیا گیا، جس میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، قبائلی عمائدین، جوانوں اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں وطنِ عزیز پاکستان، ملت اسلامیہ، دفاع اسلام اور امن و استحکام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ کانفرنس سے معروف مذہبی و سیاسی شخصیات علامہ محمد امین شہیدی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی چیف آرگنائزر سید ناصر عباس شیرازی، امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ غلام حسنین وجدانی، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے مرکزی رہنماء محمد تقی، علامہ مقصود علی ڈومکی اور علامہ کاظم بہجتی و دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ شہداء قوموں کا سرمایہ اور ملت کی بقاء کی ضمانت ہوتے ہیں۔ رہبر شہید نے اپنے پاک خون سے حق و باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچی اور امتِ مسلمہ کو عزت، غیرت، استقلال اور مزاحمت کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کسی ایک جماعت یا مسلک کا نہیں بلکہ پوری امت کا مشترکہ سرمایہ ہیں۔ علامہ محمد امین شہیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہداء کی یاد درحقیقت نظریۂ مقاومت اور استقامت کی تجدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرکے اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں، لیکن ملت اسلامیہ شہداء کے راستے پر متحد و بیدار ہے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ رہبر شہید کی جدوجہد قرآن مجید کی روشنی میں تھی، آپ نے اللہ تعالیٰ کی نصرت سے سجیل کے ذریعے عصر حاضر کے ابرھہ کے ہاتھی کو شکست دی۔
تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے محمد تقی نے کہا کہ مینار پاکستان کا ملک گیر اجتماع رہبر شہید سے تجدید عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے میں معصوم انسانوں کی دردناک شہادت پر افسوس ہے۔ عوام کے تحفظ کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کئے جائیں۔ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ رہبر شہید امت مسلمہ کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں نے اسلام دشمن قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے اور آج بھی مقاومت کی تحریکیں شہداء کے افکار سے قوت حاصل کر رہی ہیں۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ رہبر کبیر امام خمینی نے قیام للہ کا راستہ اختیار کیا، آج ان کی تحریک عالمی انقلابی تحریک بن چکی ہے۔ رہبر شہید کے افکار آج اقوام عالم کے لئے نور کی طرح روشنی پھیلا رہے ہیں۔ اہل ایمان نے ایمان کی طاقت سے لشکروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اور امریکا و اسرائیل کو ذلت آمیز شکست دی۔ کانفرنس کے اختتام پر شہداء ملت اسلامیہ، شہداء پاکستان اور شہید امت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای سمیت تمام شہداء کے درجات کی بلندی، وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، اتحاد امت اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔