0
Friday 31 Jul 2026 21:15

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کا کربلا پر امریکی سعودی بمباری کیخلاف احتجاج

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: سید ظفر جعفری

مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے شہر بھر میں نماز جمعہ کے بعد عراق کے مقدس شہر کربلا پر امریکی و سعودی بمباری، زائرین کی شہادتوں اور امریکا کی جانب سے اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد خوجہ اثنا عشری کھارادر پر کیا گیا۔ مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے صدر علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا، جس کی عراق کی جانب سے تردید کی گئی، جبکہ سعودی عرب نے امریکا کے ساتھ مل کر بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے عراق کے مقدس شہر کربلائے معلیٰ پر ایسے وقت میں بمباری کی، جب دنیا بھر سے کروڑوں مسلمان نواسہ رسولؐ اکرم حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی و سعودی بمباری میں زائرین سمیت عراقی شہری شہید ہوئے ہیں، جس جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

ایم ڈبلیو ایم سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ مبشر حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود حکومت انتہائی بھیانک اور غلط راستہ کا انتخاب کر رہی ہے، جس کے بعد خطے میں مزید بدامنی پھیلے گی اور ان اقدامات سے اسرائیل کو تحفظ فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا ‏فلسطینی مزاحمت عالمی استعمار کے شکنجہ میں ہے، لیکن سعودی عرب اور دیگر مسلمان ممالک امریکا اور اسرائیل سے دوستی نبھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ عرب اور اسلامی ممالک کو آپس کی اندرونی جنگوں کے ذریعے تباہ کیا جائے، چند عرب ممالک اس بدنیتی پر مبنی اسکیم میں امریکا کی مدد کر رہے ہیں، تاکہ اسرائیل خطے کی واحد طاقتور ریاست بن سکے۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی کے صدر کاظم عباس نے کہا کہ عراق میں موجود مقدس شہر کربلا معلی میں زائرین پر امریکی سعودی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ‏سعودی عرب کا عراق پر بلاجواز حملہ دراصل امریکی سازش کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا امریکا سعودی عرب کو اسلامی ممالک کے خلاف اپنی جنگ میں گھسیٹنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے میں ڈویژنل رابطہ سیکریٹری سید کلیم رضا زیدی سمیت ضلعی رہنماؤں اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1296311
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش