متعلقہ فائیلیںرپورٹ: جاوید عباس رضوی
وادی کشمیر کے اطراف و اکناف میں یوم اربعین کی تقریبات کا انعقاد ہوا، کشمیر کے کئی مقامات پر جلوس ہائے عزاء برآمد کئے گئے۔ اربعین کے مرکزی جلوس بمنہ و سرینگر میں برآمد کئے گئے، جن میں دسیوں ہزار عزاداروں نے شرکت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام و بمنہ میں مجلس اربعین سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید محمد ہادی موسوی و آغا سید حسن موسوی نے یوم اربعین کا تاریخی پس منظر اور تحریکی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ اربعین تحریک کربلا سے تجدید وفا کا ایک تاریخ ساز دن ہے اسی روز دو برگزیدہ اصحاب رسول (ص) حضرت جابر بن عبداللہ انصاری اور حضرت یحییٰ برمکی اپنے اقارب کے ساتھ وارد کربلا ہوئے زیارت شہدائے کربلا انجام دی اور قبر امام حسین (ع) پر یزید جبر استبداد کے خلاف رائے عامہ منظم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم اربعین کربلائے معلیٰ جاکر زیارت سید الشہدا (ع) بجا لانے کا ایک مخصوص دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ معصومین (ع) نے اربعین کے روز عزاداری اور زیارت شہدائے کربلا کی تاکید کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقعہ پر کربلائے معلی میں سفر عشق کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا اجتماع منعقد ہو رہا ہے اس سے یوم اربعین کی اہمیت اور افادیات اور بھی واضح ہو رہی ہے، اس سفر عشق کا تعلق حضرت امام حسین (ع) کے مشن انسانیت کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ اس کاروان عشق میں تمام مذاہب کے لوگ شامل ہو رہے ہیں۔